Ehsan Danish

1914 - 22 March 1978 / Kandhla / India

نظر فریبِ قضا کھا گئی تو کیا ہو گا - Poem by Ehsan Danish

نظر فریبِ قضا کھا گئی تو کیا ہو گا
حیات موت سے ٹکرا گئی تو کیا ہو گا

نئی سحر کے بہت لوگ منتظر ہیں مگر
نئی سحر بھی کجلا گئی تو کیا ہو گا

نہ رہنماؤں کی مجلس میں لے چلو مجھے
میں بے ادب ہوں، ہنسی آ گئی تو کیا ہو گا

غمِ حیات سے بے شک ہے خود کشی آسان
مگر جو موت بھی شرما گئی تو کیا ہو گا

شبابِ لالہ و گل کو پکارنے والو
خزاں سرِشت بہار آ گئی تو کیا ہو گا

یہ فکر کر کے اس آسودگی کے دھوکے میں
تیری خودی کو بھی موت آ گئی تو کیا ہوگا

خوشی چِھنی ہے تو غم کا بھی اعتماد نہ کر
جو روح غم سے بھی اکتا گئی تو کیا ہو گا
137 Total read